بینظیر قتل کیس: سپریم کورٹ کا نوٹس مشرف کے گھر پر چسپاں

Musharraf

Musharraf

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) بینظیر بھٹو قتل کیس کی نئی ایف آئی آر کے اندراج سے متعلق مقدمے میں سپریم کورٹ کا نوٹس سابق صدر پرویز مشرف کے گھر پر چسپاں کر دیا گیا، پرویز مشرف کو اصل شناختی کارڈ کے ہمراہ بائیس مارچ کو عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے طلبی کا نوٹس اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں واقع فارم ہاؤس نمبر سی ون پر چسپاں کیا گیا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق ماڈل فارم ہاؤسز میں واقع یہ فارم ہاؤس سابق صدر پرویز مشرف کی ملکیت ہے۔

عدالتی نوٹس میں پرویز مشرف کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ بائیس مارچ کو اپنے اصل شناختی کارڈ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں۔ پیر کو سپریم کورٹ نے بینظیر بھٹو قتل کیس کی نئی ایف آئی آر کے اندراج سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران پرویز مشرف اور بابر اعوان سے سمیت دیگر بارہ فریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کئے تھے اور پرویز مشرف کا نوٹس ان کے گھر پر چسپاں کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے تحت منگل کو ان کی رہائش گاہ پر نوٹس چسپاں کر دیا گیا ہے۔