توہین عدالت کیس: اٹارنی جنرل استغاثہ کے وکیل مقرر

supreme court

supreme court

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت جاری ہے۔ عدالت نے نئے اٹارنی جنرل عرفان قادر کو استغاثہ کا وکیل مقرر کر دیا۔ وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت میں اعتزاز احسن نے مولوی انوار الحق کے بعد نئے استغاثہ کا وکیل مقرر نہ کئے جانے تک دلائل دینے سے انکار کر دیا۔

جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سات رکنی بنچ نے مشاورت کے بعد سابق اٹارنی جنرل کو طلب کیا۔ مولوی انوار الحق نے درخواست کی انہیں اس کیس سے ہٹا دیا جائے۔ عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے عرفان قادر کو استغاثہ کا نیا وکیل مقرر کردیا۔ سپریم کورٹ نے عرفان قادر کو کیس کی تیاری کے لئے دو دن کی مہلت دی۔

اعتزاز احسن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایک اخبار میں ان کے خلاف منفی بات کی گئی۔ اخبار نے فیصلے سے پہلے ہی لکھ دیا کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ اس قسم کے دباو میں عدالت کی معاونت کرنا اور مقدمات میں پیش ہونا مشکل ہو گا۔ جسٹس آصف سعید نے ریمارکس دئیے یہ آپ اور میڈیا کا معاملہ ہے، عدالت نوٹس نہیں لے گی۔