تھرکول پراجیکٹ، ڈاکٹر ثمر مبارک کا منصوبہ مسترد نہیں کیا گیا، نوید قمر

naweed qamar

naweed qamar

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ تھرکول پاور پراجیکٹ کیلئے ڈاکٹر ثمر مبارک مند کا منصوبہ مسترد نہیں کیا گیا، انہوں نے 150 میگا واٹ بجلی بنانے کی تجویز دی تھی جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاہم یہ منصوبہ ایکنک نے منظور کرنا ہے، سبسڈی نہ ملنے کے باعث بجلی مزید مہنگی کرنا پڑے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت میں سید نوید قمر نے کہا کہ تھرکو ل پراجیکٹ پر ایک نہیں کئی منصوبے ہیں اور ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کوئلے سے گیس بنانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فورسڈ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی اور بجلی کی پیداوار 2 ہزار میگاواٹ بہتر ہوئی ہے جبکہ پانی سے بجلی کی پیداوار بہتر ہو رہی ہے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی نے کہا کہ بجلی کے کسی ادارے اور کمپنی کی نج کاری نہیں ہوگی۔ وزارت خزانہ نے بجلی کی مزید سبسڈی کی یقین دہانی نہیں کرائی اور سبسڈی نہ ملنے کی وجہ سے بجلی مہنگی کرنا پڑے گی۔