جاپان : ن لیگ کی پاکستانی سفارتخانے کے سامنے بھوک ہڑتال کی دھمکی

japan pakistani embassy

japan pakistani embassy

ٹوکیوعرفان صدیقی اگر حکومت نے ایک ہفتے کے اندر پرانی گاڑیوں کی امپورٹ پر ڈیوٹیوں کی شرح میں تبدیلی کا حکم نامہ واپس نہ لیا تو مسلم لیگ ن جاپان میں پاکستانی سفارتخانے کے سامنے بھوک ہڑتا ل کرے گی ، یہ بات مسلم لیگ ن جاپان کے وفد نے جاپان میں پاکستانی سفیر نورمحمد جادمانی کو احتجاجی یادداشت پیش کرتے ہوئے کہی ،وفد کی طرف سے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے سفیر پاکستان کو آگاہ کیا کہ جاپان میں مقیم دس ہزار پاکستانیوں میں سے نو ہزار پاکستانی ری کنڈیشنڈ گاڑیوں کے کاروبار سے منسلک ہیں جبکہ یہ تمام گاڑیاں دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے اپنے حق حلا ل کی کمائی سے منگائی ہیں ، جنہیں حکومت کے اس اقدام سے ربوں روپے کے نقصان کا اندیشہ ہے ، لہذا مسلم لیگ ن جاپان میں مقیم تمام پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے سفارتخانہ پاکستان کے سامنے حکومت پاکستان کے اقدام کے خلاف ہڑتال کرے گی ، اس موقع پر ن لیگ جاپان کے رہنما چوہدری ظفر اقبال جو منڈی بہاالدین سے صوبائی اسمبلی کے متوقع امیدوار بھی ہیں نے سفیر پاکستان کو احتجاجی یادداشت پڑھ کر سنائی ، چوہدری ظفر اقبال نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ اس وقت جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو حکومت پاکستان کی غلط پالیسیوں کے باعث سخت مشکلات درپیش ہیں جس کے لیئے سفیر پاکستان کو بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ، سفیر پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ ٹوکیو کے صدر شیخ ذوالفقار نے کہا کہ حکومت پاکستان نے نہ صرف پاکستان میں اپنے لوگوں کا جینا مشکل کردیا ہے بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیئے بھی مسائل پیدا کردیئے ہیں جس کے بعد یقینی طور پر مستقبل میں پیپلز پارٹی کے اقتدار کا خاتمہ ہوتا نظر آتاہے، اس موقع پر سفیر پاکستان نور محمد جادمانی نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کے اس اہم مسئلے کو حکومت پاکستان تک پہنچائیں گے اور کوشش کریں گے کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جائز مسائل کو حل کرنے کے لیئے فوری اقدامات کرے ۔