جنوبی یمن میں ڈرون حملہ ، القاعدہ کے 7 ارکان ہلاک

Yemen Drone Attack

Yemen Drone Attack

جنوبی یمن(جیوڈیسک) جنوبی یمن میں ڈرون حملے سے القاعدہ کے 7 اہلکار ہلا ک ہوگئے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق شمال مغربی شہر جار میں امریکی ڈرون حملہ کیا گیا اور کئی راکٹ بھی فائر ہوئے ، جس سے القاعدہ کے مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، حکام کے مطابق 7 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

ادھریمن میں نامعلوم مسلح نقاب پوش حملہ آوروں کی فائرنگ سے یمنی وزارت دفاع میں مشیر کے طور پر خدمات سرانجام دینے والے عراقی فوج کے جنرل خالد الھاشمی ہلاک ہو گئے۔ مذکورہ حادثہ یمن کے دار الحکومت صنعا میں ہوا، فائرنگ کی زد میں آکر ایک ٹیکسی ڈرائیور بھی جاں بحق ہوا۔ واقعے کے بعد حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے تاہم کسی مشتبہ شخص کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

دوسری جانب جنوبی یمن میں سیکیورٹی حکام نے دہشت گردی کی ایک بڑی کاروائی ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسند تنظیم القاعدہ نے سرکاری تنصیبات پر حملے کے لیے بارود سے بھری ایک کار تیار کی۔