حریفوں کو آئندہ الیکشن میں الیکشن لڑنے کا طریقہ سیکھا دینگے ،چوہدری نجیب اللہ

گجرات (جی پی آئی) حریفوں کو آئندہ الیکشن میں الیکشن لڑنے کا طریقہ سیکھا دینگے ، عوامی خدمت کرنے والے ہی عوام کی طاقت سے میدان مارینگے ، ان خیالات کا اظہار چوہدری نجیب اللہ گورالہ ، چوہدری عمران اللہ گورالہ ، مہر بلال ، چوہدری گلزار ، چوہدری علی حمزہ ، شیخ خالد بن منور ، چوہدری نصر ت اللہ گورالہ نے حلقہ پی پی 110کے یوتھ ونگ کے نوجوانوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، مقررین نے کہا کہ ہم نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے ، تا کہ عوام تک اپنے قائدین کا پیغام پہنچا سکیں ، پاکستان مسلم لیگ ن عملی طور پر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ، وقت آ گیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں نوجوان نسل اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈروںکو کامیاب کروائیں گے ، کیونکہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہہ دیا ہے کہ 2008کے انتخابات میں جو امیدوار پارٹی کی جانب سے نامزد کیے گئے تھے وہ ہی آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لینگے اس موقع پر مقررین نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ق سمیت دیگر اتحادی جماعتوں پر مشتمل حکومت نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔

عوام اور ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے ، مہنگائی ، لاقانونیت اور بیروزگاری نے عوام کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے ، عوام آئندہ انتخابات میں میاں محمد نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرینگے ، کیونکہ میاں برادران کی قیادت میں صوبہ پنجاب میں کافی حد تک مسائل حل ہوئے ہیں ، اور عوام ان کو آئندہ اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں ، حلقہ پی پی 110سے چوہدری عمران اللہ گورالہ اور حلقہ این اے 105سے چوہدری نجیب اللہ گورالہ عوام کے پر زور مطالبہ پر ہی پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑینگے ، اس سلسلہ میں انتخابی آفس قائم کر دیا گیا ہے ، ووٹر لسٹوں سمیت کارکنوں کے دیگر مسائل حل کرنے کیلئے عوامی رابطہ آفس گورالہ میں رابطہ کیا جا سکتا ہے۔