خواتین پر تیزاب پھینکنے پر چودہ سال تک جیل ہو گی

Parlement

Parlement

اسلام آباد : پارلیمنٹ کے ایوان بالا نے خواتین پر تیزاب پھینکنے، قرآن سے شادی، جبری شادی اور ونی کیخلاف دو ترمیمی بلوں کی متفقہ منظوری دے دی۔ مجرم کو چودہ سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ ہو گا۔ سینیٹر نیلوفر بختیار نے خواتین سے ہونے والی زیادتیوں کی روک تھام کیلئے ایسڈ کرائم ترمیمی بل اور فوجداری قانون ترمیمی بل دو ہزار گیارہ ایوان میں پیش کئے۔ ایوان نے دونوں بلوں کی متفقہ منظوری دی۔ ان بلوں کے قوانین بننے کے بعد جرم کرنے والے کو چودہ سال قید اور دس لاکھ روپے تک جرمانہ ہوسکے گا۔
رضا ربانی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ مغربی مفادات کے محافظ صوبائی خودمختاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ صوبائی خودمختاری میں رکاوٹیں ڈالی گئیں تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ایس ایم ظفر کا کہنا تھا رضا ربانی اٹھارہویں ترمیم کو اپنی پراڈکٹ نہ سمجھیں۔ تعلیمی نصاب کے معاملے پر دوبارہ غور کیا جائے۔ اے این پی کے سینیٹر حاجی عدیل نے اسلام آباد میں مارشل لا کو دعوت دینے کے پوسٹرز لگانے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ قائد ایوان نیئر حسین بخاری نے کہا اس بارے میں ضلعی انتظامیہ سے تحقیقات کرائی جائیں گی اور ذمہ داران کیخلاف کارروائی ہو گی۔