خوراک کی برآمدات میں 2.35 فیصد اضافہ

Food Exports

Food Exports

اسلام آباد(جیوڈیسک)پانچ ماہ کے دوران خوراک کی برآمدات میں 2.35 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 12.28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران خوراک کی برآمدات میں 2.35 فیصد اضافہ جبکہ اشیا خورونوش کی درآمدات میں 12.28 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا نومبر 2012 کے دوران چینی، گوشت، گوشت کی مصنوعات، خوردنی تیل، میوہ جات، مصالحہ جات، سبزیوں، پھلوں، مچھلی اور اس کی مصنوعات کی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.35 اضافہ ہوا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پانچ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 10 ارب 10 کروڑ ڈالر مالیت کی برآمدات کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال 2011-12 کی اس مدت کے دوران 9 ارب 34 کروڑ ڈالر مالیت کی برآمدات مختلف ممالک کو گئی تھیں۔

جولائی سے نومبر 2012 کے دوران 18 ارب 41 کروڑ ڈالر مالیت کی خوراک درآمد کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اس مدت کے مقابلے میں 12.28 فیصد کم ہے۔