دمشق، باغی اور حکومتی فوجوں میں جھڑپیں

Free Syrian Army

Free Syrian Army

دمشق : ( جیو ڈیسک) اطلاعات کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں باغی فوج اور صدر بشارالاسد کی فوجوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق دمشق کے ضلع المز باغی فوج فری سیریئن آرمی اور حکومتی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔

المز دمشق کے وسط میں واقع ہے اور اس علاقے میں کئی سکیورٹی تنصیبات واقع ہیں۔ یہ علاقہ دارالحکومت کا سب سے زیادہ حساس علاقہ ہے جہاں سکیورٹی بہت سخت ہوتی ہے۔ رواں سال جنوری میں باغی فوج نے دمشق کے مضافات پر کچھ عرصے کے لیے کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔

المز میں سب سے بڑے حکومت مخالف مظاہرے ہوئے ہیں۔ المز کے ایک رہائشی نے بتایا المز میں حمادہ سپر مارکیٹ کے قریب فائرنگ ہو رہی ہے اور دھماکوں کی آوازیں آ رہی ہیں۔ سکیورٹی پولیس نے کئی سڑکیں بلاک کردی ہیں اور سٹریٹ لائٹیں بھی بند کر دی ہیں۔

یاد رہے کہ اتوار کو شام کے شہر حلب میں کار بم دھماکے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔اس سے قبل ہفتے کو دمشق میں دھماکے میں ستائیس افراد ہلاک اور 97 زخمی ہوئے تھے۔حکومت نے ان دھماکوں کو دہشت گردی قرار دیا تھا۔