دوسرا ون ڈے : ناصر جمشید کی سنچری ، بھارت کو 251 رنز کا ہدف

Pak India 2nd ODI

Pak India 2nd ODI

کولکتہ (جیوڈیسک) کولکتہ دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے251رنز کا ہدف دیا ہے۔ ناصر جمشید106 اور محمدحفیظ76 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کولکتا کے ایڈن گارڈن میں کھیلے جارہے میچ میں بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر محمد حفیظ اور ناصر جمشید نے 141 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، اس موقع پر حفیظ 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد مڈل آرڈر میں کوئی بھی بیٹسمین قابل ذکر کارگردگی نہ دکھا سکا اور ایک کے بعد ایک پویلین واپس لوٹتا رہا اور پوری ٹیم 48.3 اوورز میں 250 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ اظہر علی صرف2 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ یونس خان 10 رنز بنا کر سریش رائنا کا شکار بنے۔ مصباح الحق 2 اور کامران کمل صفر پر آؤٹ ہوئے۔

دوسری طرف ناصر جمشید نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی، وہ 106 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ناصر جمشید کی ون ڈے انٹرنیشنل میں یہ تیسری سنچری ہے، انہوں نے تینوں سنچریاں بھارت کے خلاف اسکور کی ہیں۔ جدیجا اور اشانت شرما نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔