دو ماہ میں نسل پرستی کے خلاف منصوبہ تیار کریں، ڈیوڈ کیمرون

david cameron

david cameron

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ملک میں فٹ بال کے کھیل کو کنٹرول کرنے والے اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ دو ماہ کے اندر فٹ بال کے کھیل سے نسل پرستی اور نسلی امتیازی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کا منصوبہ تیار کریں۔
وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے یہ حکم نسلی پرستی کے خلاف کام کرنے والی تنظیموں کے نمائندوں اور سابق کھلاڑیوں کے ایک گروپ سے ملاقات میں دیا۔
برطانیہ میں حال ہی میں فٹ بال میچوں کے دوران دو ایسے واقعات پیش آئے جس سے یہ تاثر ابھرا کہ ملک کی سب سے مشہور کھیل میں نسل پرستی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم کے سابق کپتان اور چیلسی کلب کے جان ٹیری پر پولیس نے مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ لیور پول کلب کے کھلاڑی لیوئس سوریز پر مانچسٹر یونائٹیڈ کے کھلاڑی کے خلاف نسل پرستانہ جملے کسنے پر آٹھ میچوں کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ نسلی پرستی کے واقعات پیش آنے سے برطانوی معاشرے پر منفی اثر پڑتا ہے۔