سرجیت سنگھ واہگہ پر بھارتی حکام کے حوالے

Surjit Singh

Surjit Singh

لاہور : (جیو ڈیسک) پاکستان میں بھارت کیلئے جاسوسی کرنے والے سرجیت سنگھ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

لاہور کی کوٹ لکھ پت جیل سے پولیس سیکیورٹی میں سرجیت سنگھ کو واہگہ بارڈر لایا گیا۔ جہاں ضروری کاغذی کارروائی کے بعد ہتھکڑی کھول دی گئی۔ سرجیت سنگھ کو واہگہ بارڈر پر ناشتہ کرایا گیا۔ جس کا اہتمام وزارت داخلہ نے کیا تھا۔ رہائی ملنے پر وہ خوش دکھائی دے رہے تھے۔

صحافیوں سے گفتگو میں سرجیت سنگھ کا کہنا تھا اب وہ دوبارہ پاکستان نہیں آئیں گے۔ سرجیت سنگھ کو مشیر داخلہ رحمان ملک کی طرف سے مٹھائی دی گئی۔ گل دستہ اور تحائف بھی پیش کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دوران قید اچھا سلوک کیا گیا۔ دونوں ملک قیدیوں کا تبادلہ کریں تو تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

سرجیت سنگھ کو انیس سو پچاسی میں بھارت سے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دی گئی تھی جو بعد میں عمر قید میں تبدیل کردی گئی۔