سندھ ، بلوچستان کے حالات ، نواز لیگ کا دھرنے کا اعلان

Ch Nisar Ali Khan

Ch Nisar Ali Khan

لاہور (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کی صورتحال پر آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کے سامنے تمام اپوزیشن جماعتیں دھرنا دیں گی اور الیکشن کمیشن کو خودمختار بنانے کیلئے پارلیمنٹ سے الیکشن کمیشن تک مارچ کریں گے۔

رائیونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان کے حالات انتہائی خراب ہو چکے ہیں اور ایسی فضا میں شفاف انتخابات ممکن نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کی صورتحال پر آئندہ ہفتے تمام اپوزیشن جماعتوں کیساتھ مل کر پارلیمنٹ کے باہر احتجاجی دھرنا دیں گے جبکہ الیکشن کمیشن کو مضبوط بنانے کیلئے پارلیمنٹ سے الیکشن کمیشن تک مارچ بھی کیا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ کراچی میں جو ہو رہا ہے وہ آئندہ عام انتخابات کیلئے ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے نگران سیٹ اپ کے حوالے سے کہا کہ نگران سیٹ اپ کے حوالے سے تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ تمام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے سندھ اور بلوچستان میں نگران سیٹ اپ کیلئے بھی دو نام تجویز کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں میں حکمرانوں کے گورنر تعینات ہیں۔ یہ سیاسی گورنر ہیں اور جب حکومت ختم ہو گی تو یہ گورنر بھی حکومت کے ساتھ گھر جائیں گے۔ نگران سیٹ اپ میں گورنر کی تبدیلی کے بیان پر قائم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں قمر زمان کائرہ کے کسی بھی بیان پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔

پہلے طاہر القادری کیخلاف بیان بازی کرتے رہے پھر انہی کیساتھ معاہدہ طے کر لیا۔ طاہر القادری کے لانگ مارچ کی قانونی حیثیت تھی اور نہ ہی آئینی حیثیت لانگ مارچ غیر قانونی تھا۔