سندھ میں چینی، تیل اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا

Sindh sugar

Sindh sugar

کراچی (جیوڈیسک) کراچی شدید سردی میں غذائی اشیا کی قیمتوں نے عوام کا خون خشک کرنا شروع کردیا ہے، سندھ میں آٹے کے بعد چینی، تیل اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق سندھ میں چینی کی ایکس مل قیمت میں ڈیڑھ روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے اور یہ 49 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ چینی کی ہول سیل قیمت بھی 48 روپے 50 پیسے سے بڑھ کر 49 روپے 50 پیسے فی کلو ہوگئی۔

دوسری جانب ہول سیل سطح پر تیل اور گھی کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ 16 لیٹر تیل کا کنستر 2420 سے بڑھ کر 2460 روپے جبکہ گھی کا کنستر 2320 روپے سے بڑھ کر2340 روپے کا ہوگیا ہے۔ جنرل سیکریٹری ری ٹیلرز گروپ فرید قریشی کے مطابق برانڈڈ گھی اور تیل کی ایک کلو اور ایک لیٹر تھیلی پر2 روپے اضافہ ہوگیا ہے۔ فرید قریشی کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کے باعث تیل اور گھی کی قیمتیں بڑھی ہیں۔