سیاسی جماعتوں کی چپقلش جمہوریت کیلئے خطرہ بن رہی ہے ، روشن پاکستان

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) نگراں حکومت کی تشکیل شفاف انتخابات سے زیادہ مشکل دکھائی دے رہی ہے کیونکہ اب تک نگراں وزیراعظم کے حوالے سے سامنے آنے والا کوئی بھی نام ایسا نہیں جس پر حکومت و اپوزیشن سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے ہوتا دکھائی دے اور اگر سیاسی جماعتیں نگراں وزیراعظم کیلئے کسی ایک شخصیت پر اتفاق نہیں کر پائیں تو انتخابات کا انعقاد کھٹائی میں پڑ جائے گا۔

روشن پاکستان پارٹی ( محب وطن) کے چیئرمین امیر پٹی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روشن پاکستان پارٹی آمریت کے خدشات کو ختم کرنے اور جمہوریت کیلئے انتخابات کے بر وقت انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے نگراں وزیر اعظم کیلئے غیر متنازعہ ،غیر جانبدار اور دیانتدار و سینئر سیاستدان معراج محمد خان کا نام تجویز کرتی ہے کیونکہ ان کی شخصیت یقینا پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں قابل قبول ہوگی اور نگراں وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے آئینی فرائض و ذمہ داریاں مکمل غیر جانبداری و دیانتداری سے ادا کرتے ہوئے شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن سے بہترین معاون کا کردار ادا کرتے ہوئے عوام پاکستان کو ان کی منتخب کردہ حقیقی قیادت فراہم کرنے کے اہل ہیں اسلئے معراج محمد خان کو نگراں وزیراعظم بنایا جانا ہی شفاف انتخابات کے یقینی انعقاد کی ضمانت ہے۔