شام: باغیوں اور فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 40 افراد ہلاک

syria

syria

شام: (جیو ڈیسک) شامی فورسز کی حمص میں پیش قدمی، باغیوں اور فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 40 افراد ہلاک ہو گئے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے ادارے نے بتایا کہ حمص شہر میں ایک بار پھر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جبکہ خالدیہ میں بھی کئی مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ برطانوی مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ شامی فورسز خالدیہ اور اس کے گردونواح میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہیں اور انہیں باغیوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ گروپ کے مطابق صوبہ حمص کے شامی اور لبنانی سرحد پر واقع قصبہ قصائر میں شامی فورسز کی فائرنگ سے ایک سارجنٹ اور چار باغی ہلاک ہوئے جبکہ قصبہ راستان میں گولہ باری سے ایک شہری ہلاک ہوا۔ پیر کے روز دیر الزور کے قصبہ محاسن میں دو باغی کمانڈروں سمیت چھ افراد ہلاک ہوئے۔ انسانی حقوق کے اداروں کے مطابق دوعر میں بھی باغیوں اور شامی فورسز کے مابین جھڑپیں جاری رہیں جن میں دو بچوں سمیت چھ افراد ہلاک ہوئے جبکہ قدیمیہ میں بھی بھاری گولہ باری کی گئی اور قصبہ میں کسی بھی شخص کو دیکھ کر گولی مار دینے کی کارروائیاں جاری رہیں۔

قدسیہ میں شامی فورسز کی بڑی تعداد بھیج دی گئی ہے اور جاری گولہ باری کے باعث زخمیوں کو طبی امداد دینا مشکل ہوگیا ہے۔ پیر کے روز بھی شامی فورسز اور باغیوں کے دوران صوبہ دمشق، دارا اور تفاس میں تین شہری ہلاک ہوئے۔ وسطی صوبہ حما میں قالدالمدیق پر صبح کے وقت بھاری گولہ باری کے نتیجے میں دو بہنیں ہلاک ہوئیں جبکہ چیک پوائنٹ پر شامی فورسز نے ایک شہری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ادھر شمالی صوبہ حلب میں ایک مسلح شخص نے ایک خاتون کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا صوبہ لطاکیہ میں بھی شامی فورسز نے کارروائیاں کیں جہاں انہیں فضائی مدد بھی حاصل تھی جس کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک ہوا جبکہ نو شامی فوجی بھی اسی صوبے میں جھڑپوں کے دوران ہلاک ہوئے۔ واضح رہے کہ شام میں سولہ ماہ سے جاری قتل وغارت میں 14400 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔