شہباز شریف کا صدر زرداری سے اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ

shehbaz sharif

shehbaz sharif

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن نے لاہور کی احتجاجی ریلی میں وفاقی حکومت اور ایوان صدر کے خلاف اعلان جنگ کردیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری استعفی دیں، لوٹی ہوئی دولت واپس کریں ورنہ پارلیمنٹ انکا احتساب کرے گی، اگر پارلیمنٹ نے احتساب نہ کیا تو مصر کے التحریراسکوائر جیسا انقلاب آئے گا۔ مسلم لیگ ن نے ایک ماہ قبل ہی لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور کرپشن کے خلاف لاہور میں ریلی کا اعلان کیا تھا۔ ناصر باغ سے بھاٹی چوک تک اعلان کردہ ریلی تو نہ نکالی گئی مگر پنجاب کے مختلف علاقوں سے آنے والے قافلوں نے بھاٹی چوک میں جلسہ کی شکل اختیار کر لی۔ شام ساڑھے پانچ بجے شہباز شریف جلسہ گاہ پہنچے تو پنڈال نعروں سے گونج اٹھا۔ عوام کی اتنی بڑی تعداد دیکھ کر شہباز شریف پرجوش ہوئے اور توپوں کا رخ ایوان صدر اور آصف علی زرداری کی ذات کی طرف موڑ دیا۔
کرپشن کے الزامات اور ملک میں تمام تر ناکامیوں کے ذمہ دار آصف علی زرداری کو ہی ٹہرایا گیا۔ بات یہیں تک ختم نہیں ہوئی، جوش خطاب میں شہباز شریف نے آ دیکھا نہ تا آصف علی زرداری کو بھاٹی گیٹ چوک میں لٹکانے تک کی بات کردی،کہتے ہیں انقلاب آئے گا تو مصر کے التحریر چوک جیسا۔ہجوم سے اتنے متاثر ہوئے کہ انقلابی شاعر کے شعر گنگنانے لگے، جس نظام کو چلانے کا خود حصہ ہیں، اسی نظام کے خلاف ہی بغاوت کردی۔شہباز شریف جلسہ گاہ میں خود ہی گو زرداری گو کے نعرے لگواتے رہے، عوامی اور سیاسی حلقے گزشتہ ایک ماہ سے ن لیگ کی ریلی اور تیس اکتوبر کو عمران خان کے جلسہ کا موازنہ کرتے رہے مگر یہ بات حیرت کا باعث تھی کہ پورے جلسہ میں شہباز شریف اور لیگی قائدین عمران خان کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں بولے۔