شہباز شریف کی دہری شہریت کا کوئی ثبوت نہیں: راجہ ریاض

Raja Riaz

Raja Riaz

سپریم کورٹ(جیوڈیسک)پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ ریاض نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی دہری شہریت کا کوئی ثبوت نہیں افواہوں پر تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

سپریم کورٹ میں دوہری شہریت کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ انہوں نے شہباز شریف کی دوہری شہریت کے حوالے سے کوئی دعوی نہیں کیا اور نہ ہی ان پر ایسا الزام عائد کیا ایک اخبار نے مجھ سے غلط بیان منسوب کیا میں نے صرف یہ کہا تھا کہ شہباز شریف کی دوہری شہریت کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں اس کی متعلقہ فورم پر تحقیقات کرائی جائیں۔

راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں عدالتی نوٹس پر آج حاضر ہوا وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو بھی عدلیہ کا احترام کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہونا چاہیے تھا۔ سپریم کورٹ نے راجہ ریاض کے خلاف از خود نوٹس کی کاروائی ختم کر دی ہے ۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا افواہوں اور سنی سنائی باتوں پر بیان نہیں دینا چاہیئے کیونکہ میڈیا پر تو مخصوص مہم چلتہ ہے ہمارے خلاف بھی باتیں ہوتی ہیں۔ انہون نے کہا صحافت میں ضابطہ اخلاق کی ضرورت ہے۔