صدر کیخلاف گھٹیا زبان استعمال کرنیکی مذمت کرتے ہیں۔ شازیہ

shazia mari

shazia mari

سندھ کی صوبائی وزیر اطلاعات شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ آمریت کی گود میں پلنے والے جمہوریت کے لیے بے پناہ قربانیاں دینے والے صدر آصف علی زرداری کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرکے شاہ محمود قریشی اپنا سیاسی قد اونچا کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
سکھر پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری نے صدر کو فرعون اور ملک کے ایٹمی اثاثوں کے لیے سیکیورٹی رسک قرار دینے پر شاہ محمود قریشی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف جب خود وزیر خارجہ تھے تو صدر اچھے اور ایٹمی اثاثوں کا تحفظ کرنے والے شخص تھے ، مگر جب وزارت سے جدا کر دیا گیا تو پیپلز پارٹی کی حکومت اور صدر میں دنیا کی تمام برائیاں نظر آنے لگی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نظریاتی جماعت ہے جہاں اقتدار اور کرسی کے لیے ایمان نہیں بدلا جاتا بلکہ ملک اور قوم کی ترقی و فلاح بہبود کے لیے مشکل سے مشکل مراحل میں جدو جہد کرنے کو پارٹی اپنا ایمان سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کونسا سونامی لا رہے ہیں بڑے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ان کے سونامی میں قاتل، کرمنل، اغوا کار اور کرپٹ افراد کے ٹولے شامل ہو کر ملک میں کس قسم کا انقلاب لانا چا ہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بوکھلاہٹ میں مبتلا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی آپ ہمارے پرانے ساتھی رہے ہو اس لیے پیپلز پارٹی کے کارکن خاموش ہیں ورنہ ہم بھی اینٹ کا جواب پتھر سے جانتے ہیں۔