ضمنی انتخابات : ووٹر لسٹوں میں غلطیوں کی شکایات

Polling

Polling

اسلام آباد : پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی دس نششتوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے حساس قرار دیئے جانیوالے پولنگ اسٹیشنوں پر رینجرز طلب کر لی گئی۔ میانوالی میں ہزاروں خواتین کو ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم کر دیا گیا۔ ملتان میں شاہ محمود قریشی کی خالی نشست این اے ایک سو اڑتالیس پر وزیراعظم کے صاحبزادے علی موسی گیلانی اور مسلم لیگ نون کے غفار ڈوگر مدمقابل ہیں جبکہ جاوید ہاشمی کی خالی نششت این ایک سو انچاس پر مسلم لیگ نون کے طارق رشید اور پیپلز پارٹی کے لیاقت ڈوگر سمیت گیارہ امیدوار آمنے سامنے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے ایم این اے عظیم دولتانہ کی وفات کے بعد وہاڑی کے حلقہ این اے ایک سو اڑسٹھ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ نون کے بلال اکبر بھٹی اور پیپلز پارٹی کی امیدوار نتاشا دولتانہ کے درمیان مقابلہ ہے۔ قصور کے حلقہ این اے ایک سو چالیس میں پیپلز پارٹی کے سردار سرور ڈوگر کا مقابلہ کرنے کیلئے آزاد امیدوار ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی اور ملک رشید احمد خان میدان میں ہیں، یہاں مسلم لیگ نون نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔ رحیم یار خان کے حلقہ ایک سو پچانوے میں فنکشنل لیگ کے سید مرتضی محمود کا مقابلہ آٹھ آزاد امیدواروں سے ہے۔ میانوالی میں مسلم لیگ نون کے رہنما عامر حیات روکھڑی کی وفات سے خالی ہونے والی نشست پی پی چوالیس پر مسلم لیگ نون کے عادل عبداللہ روکھڑی، شاہ ریز عبداللہ اور پیپلزپارٹی کے سردار بہادر خان آمنے سامنے ہیں۔ اٹک فور پی پی اٹھارہ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار ملک خرم کے تحریک انصاف میں شامل ہونے کے بعد خالی ہونیوالی نشست پر مسلم لیگ نون کے میجر ریٹائرڈ اعظم خان، پیپلز پارٹی کے ملک ثمین خان اور آزاد امیداوار ملک امانت خان کے درمیان مقابلہ ہے۔

مردان میں این اے نو پر جے یو آئی ایف کے مولانا شجاع الملک اور اے این پی کے حمایت اللہ میار کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، سندھ کے علاقے بدین میں سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کی خالی ہونے والی نشست پر پیپلز پارٹی کی جانب سے ان کے صاحبزادے حسنین مرزا اور پی ایم ایل ہمخیال کے سید علی بخش شاہ کے علاوہ دیگر انیس امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا، پی ایس تریپن ٹنڈو محمد خان میں پیپلز پارٹی کے واحد شاہ بخاری اور آزاد امیدوار میر مشتاق تالپور کے علاوہ آٹھ امیدوار آمنے سامنے ہیں۔