طاقتور شمسی طوفان آج زمین سے ٹکرائے گا

solar storm

solar storm

امریکہ : ( جیو ڈیسک) امریکی ماہرِین موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ایک زوردار شمسی طوفان زمین سے ٹکرائے گا جس کے باعث بجلی، فضائی ٹریفک اور مواصلاتی نظام میں خلل پڑے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ طوفان گزشتہ پانچ سالوں میں ہمارے سیارے سے ٹکرانے والا سب سے طاقتور شمسی طوفان ہو گا۔ ایسے شمسی طوفانوں میں مقناطیسی اور تابکار شعائیں شامل ہوتی ہیں۔ امریکی محکم موسمیات کے مطابق شمسی طوفان زمین سے چونسٹھ لاکھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹکرائے گا اور اس کے اثرات جمعہ تک رہیں گے۔
اس طوفان کی شدت پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح گیارہ سے شام تین بجے کے درمیان رہے گی۔
سائنسدانوں کے مطابق شمسی طوفان سے جنم لینے والے بے انتہا توانائی والے ذرات زمین کے قطبین کے قریب سفر کرنے والے جہازوں کے مواصلاتی رابطوں میں بھی خلل ڈال سکتے ہیں۔ ماہرین نے جہازوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ متبادل راستے استعمال کریں۔
برطانوی جیولوجیکل سروے کے مطابق برطانیہ میں اس طوفان کے ٹکرائے جانے کے اثرات کو جمعرات کی رات کو دیکھا جا سکے گا۔ امریکی محکم موسمیات کے جوزف کنچز کا کہنا ہے یہ طوفان ہم سے سیدھا ٹکرا رہا ہے۔ یاد رہے کہ سنہ انیس سو بہتر میں شمسی طوفان کے باعث امریکہ کی ریاست الینوئے میں فون لائنز متاثر ہوئی تھیں۔
اکتوبر سال دو ہزار تین میں کرہِ ارض کی فضا سے ٹکرانے والے سب سے طاقت ور شمسی طوفان کی وجہ سے پیدا ہونے والی مقناطیسی شعاؤں سے جاپان کا ایک مصنوعی سیارہ تباہ ہو گیا تھا۔