طالبان،القاعدہ سے تعلق، اسٹاک مارکیٹس چھان بین کریں

kse taliban

kse taliban

ایس ای سی پی(جیو ڈیسک)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے ملکی اسٹاک مارکیٹس کو ایسے افراد اور ادروں کا پتہ لگانے اور ان کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دیا ہے جن کا طالبان یا القاعدہ سے تعلق ہو۔ایس ای سی پی کی جانب سے پیر کو ملک کی تینوں اسٹاک ایکسچینجز کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کو فائنانسنگ کے حوالے سے اسٹاک مارکیٹس چھان بین کریں۔

اسٹاک مارکیٹس میں کاروبار کرنے والا کوئی فرد یا ادارہ جس کا طالبان یا القاعدہ سے تعلق ہوتو اس کے اثاثے فوری طور پر منجمد کردیئے جائیں۔اس کے لئے اسٹاک مارکیٹ کے یو آئی این ڈیٹا بیس کی اسکیننگ کرکے رپورٹ پندرہ دن میں جمع کرانے کے لئے کہا گیا ہے جبکہ ایسی کوئی چیز نہ ہونے کی صورت میں بھی رپورٹ مانگی گئی ہے۔

اسٹاک مارکیٹس کو اس سلسلے میں وزارت خارجہ کی گائیڈ لائینز سے رہنمائی لینے کا بھی کہا گیا ہے۔ یہ ہدایات ملکی اسٹاک مارکیٹس کے علاوہ سینٹرل ڈیپازیٹری کمپنی، نیشنل کلئیرنگ کمپنی اور پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کو بھی بھیجی گئی ہیں۔ ایس ای سی پی نے چھان بین کے لئے چار منی چینجرز کا ڈیٹا بھی اسٹاک مارکیٹس کو بھجوایا ہے جن کے اثاثے اقوام متحدہ نے گذشتہ دنوں طالبان اور القاعدہ سے مبینہ تعلق پر منجمد کردیئے تھے۔