طیارہ حادثہ: میتیں ورثاء کے حوالے کرنے کا سلسلہ جاری

Crash

Crash

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) ائیر پورٹ کے قریب بھوجا ائیر لائن حادثے کے بعد ریسکیو اور لاشیں نکالنے کا کام مکمل کر لیا گیا۔ امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ پمز انتظامیہ کے مطابق سو لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ چونسٹھ کی لاشیں ورثا کے حوالے کی گئی ہیں۔

حسین آباد کے کورال چوک پر سانحہ بھوجا ائیر لائن کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ریسکیو اور لا شیں نکالنے کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ ملبہ اٹھانے کے کام میں ابھی کچھ دن لگیں گے۔ پاک فوج کی کوئیک رسپانس ٹیم اور اسلام آباد پولیس بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ علاقے کو سیل کیا گیا ہے۔ سخت خراب موسم، بارش اور اندھیرا ہونے کے باعث ابتدائی امدادی کاموں میں رکاوٹ پیش آئی لیکن دن کا اجالا پھیلنے پر امدادی کاموں میں تیزی آ گئی ہے۔

لوگوں کی بڑی تعداد کے جائے حادثہ پر پہنچنیسے ریسکیو کاموں میں رکاوٹ کا سامنا رہا۔ اس لئے انھیں ہٹا دیا گیا۔ متعدد لاشوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔کئی افراد کے جسم چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم ہو گئے تھے انہیں جمع کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ جائے حادثہ کی طرف جانے والا علاقہ عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ طیارے کا بلیک باکس اور سانڈ ریکاڈر پاکستان آر می نے سول ایوی ایشن کے حوالے کر دیئے ہیں۔ جس سے حادثے کی اصل وجہ جاننے میں مدد ملے گی۔ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کیپٹن ندیم یوسف زئی کا کہنا ہے طیارہ حادثے کی تحقیقات کیلیے بوئنگ کمپنی کو خط لکھ دیا ہے۔ تحقیقات میں مدد کیلیے کمپنی کے ماہرین پاکستان آئیں گے۔ وزیراعظم نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر کے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔