عدلیہ آئین سے بھی آزاد ہو رہی ہے: اعتزاز

AITZAZ AHSAN

AITZAZ AHSAN

معروف قانون دان اور سیاستدان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے پرویز مشرف کے خلاف ڈٹ جانے کی وجہ سے ملک میں جمہوری نظام مضبوط ہوا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اب عدلیہ کے بارے میں باتیں ہو رہی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے ساتھ انٹرویو میں اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اب عدلیہ آزاد, بہت آزاد بلکہ آئین سے بھی آزاد ہو رہی ہے. انہوں نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے فیصلے کو غلط قرار دیا۔ اعتزاز احسن کا موقف تھا کہ سادہ اکثریت سے بنائے گئے قانون پر تو سپریم کورٹ یہ غور کر سکتی ہے کہ کہیں مذکورہ قانون آئین کی کسی شق سے متصادم تو نہیں مگر اگر پارلیمان دو تہائی اکثریت سے آئین میں ترمیم کرے تو اسے عدالت میں چیلینج نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اعتزاز نے کہا کہ موجودہ عدالت نے ایسے فیصلے سنائے ہیں جس سے مارشل لا کا امکان ختم ہو گیا ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیابی بھی حاصل کرے گی اور دوبارہ حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی کیونکہ صدر آصف علی زرداری مخلوط حکومت بنانے کا کافی تجربہ رکھتے ہیں۔