علما محرم میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں ، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ علمائے کرام محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مثالی مظاہرہ کر کے گھنانی سازشوں کو ایک بار پھرناکام بنا دیں۔ لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ محرم الحرام ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور حق و صداقت کی راہ میں سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتا ہے۔ اس مقدس مہینے کا احترام ہر مسلمان پر فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھ کر ہی مسلم امہ کے اتحاد کو مضبوط کیا جاسکتا ہے جبکہ امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کا پیغام دے کر دنیا کو اسلام کے سنہری اصولوں کی ترجمانی کی جاسکتی ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد نے متحدہ کے منتخب عوامی نمائندوں، ذمہ داران اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران شیعہ اور سنی علمائے کرام سے مسلسل رابطہ رکھیں۔

انہوں نے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور فرقہ وارانہ فسادات میں ملوث سازشی عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔