فلسطینی نہ جھکیں ہیں، نہ جھکیں گے

Prime Minister of Turkey Recep Tayyip Erdogan

Prime Minister of Turkey Recep Tayyip Erdogan

غزہ قتل عام کا اسرائیلی سے حساب لیا جائے گا: ایردوآن

ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ غزہ میں بے گناہ نونہالوں کے قتل عام پر اسرائیل کا محاسبہ لازمی کیا جانا چاہئے۔

ہفتے کے روز قاہرہ یونیورسٹی سے اپنے خطاب میں طیب ایردوآن نے کہا کہ غزہ میں غیر انسانی طریقے سے شہید کئے جانے والے فلسطینی بچوں کے قاتلوں سے جلد یا بدیر حساب ضرور لیا جائے گا۔ طیب ایردوآن کے خطاب کو مصر کے سرکاری ٹی وی نے براہ راست نشر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “فلسطینی نے کبھی اپنا سر نہیں جھکایا اور نہ ہی وہ کبھی آئندہ ایسا کریں گے۔”

ترک وزیر اعظم اپنے ملک کے تاجروں اور نمائندہ افراد کے ایک بڑے وفد کے ہمراہ قاہرہ پہنچے تھے۔ اس دورے کا مقصد دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ قاہرہ اور ترکی نے یک زبان ہو غزہ پر اسرائیلی بربریت کی پر زور مذمت کی ہے۔

ترک رہنما نے ہفتے کے روز مصری صدر ڈاکٹر محمد مرسی سے بھی ملاقات کی۔ یہ ملاقات نصف گھنٹہ جاری رہی۔ قاہرہ آمد سے قتل انقرہ ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طیب رجب ایردوآن نے کہا کہ اسرائیل اپنے تین شہریوں کی ہلاکت کا واویلا عالمی ذرائع ابلاغ میں کر رہا ہے۔ اسی نے خود جنگ بندی معاہدے کی خلاف وزری کی اور اب خود ہی جنگ بندی کی رٹ لگا رہا ہے۔