قوم پرستوں کی ہڑتال : کراچی میں فائرنگ پانچ گاڑیاں نذر آتش

Karachi Busfire

Karachi Busfire

کراچی : قوم پرستوں کی کل ہڑتال کی کال پر،کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں مختلف علاقوں میں فائرنگ ہنگامہ آرائی متعدد گاڑیاں نذر آتش، کراچی میں ٹاور پرشرپسندوں نے مسافروں سمیت منی بس کو آگ لگادی ،ایک شخص جاں بحق متعدد زخمی ، پانچ گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں ۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کراچی میں فائرنگ اور جلا گھیرا میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے ۔
دوسری جانب قوم پرست جماعتوں کی جانب سے سندھ میں کمشنری نظام کے خاتمے کے خلاف 13 اگست کو دی جانے والی ہڑتال کی کال کے حوالے سے حیدرآباد میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اور نامعلوم افراد نے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کی بس سمیت تین گاڑیوں کو نذرآتش کردیا۔ حکومت کی جانب سے سندھ میں کمشنری نظام کے خاتمے کے فیصلے کے خلاف صوبے کی مختلف قوم پرست جماعتوں کی جانب سے 13 اگست کو ہڑتال کے اعلان کے بعد حیدرآباد میں افطار کے بعد سے ہی صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے اور نامعلوم شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان کے سامنے کھڑی لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کی بس اور ٹھنڈی سڑک پر اسٹیٹ بینک کے سامنے واپڈا کی ڈاٹسن جبکہ نجی کوریئر کمپنی کی پک اپ سوزوکی کو ہل ٹاپ چاڑی کے نزدیک آگ لگا دی۔
اس طرح حیدرآباد میں دو گھنٹے کے دوران نامعلوم افراد نے تین گاڑیوں کو نذرآتش کردیا، شہر میں گاڑیوں کو نذرآتش کئے جانے کے بعد خوف وہراس پھیل گیا اور رات گئے تک کھلنے والے مختلف بازار بھی جلد بند ہو گئے۔