لانگ مارچ کا حق پاکستانی عوام کو ہے ، غیر ملکی شہریوں کو نہیں ، منور حسن

Munawar Hassan

Munawar Hassan

لاہور (جیوڈیسک) لاہور امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ احتجاج یا لانگ مارچ کا حق پاکستان کے عوام کو ہے، لندن، کینیڈا کے شہریوں کو نہیں، جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال بگٹی کا کہنا تھا کہ انتخابات کا بروقت انعقاد ضروری ہے، بلوچستان میں باہر سے اسلحہ آ رہا ہے تو اسے پکڑا کیوں نہیں جاتا۔

طلال بگٹی نے منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی سید منور حسن سے ملاقات کی اور بزرگ رہنماء پروفیسر غفور احمد کے انتقال پر اظہار افسوس اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ جماعت اسلامی انتخابی اتحاد کا فیصلہ الیکشن کے قریب کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں فوجی آپریشن ختم کیا جائے۔ طلال بگٹی کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ہفتے پھر لاہور آئیں گے اور یہاں بڑا جلسہ کریں گے، مسلم لیگ ن کے ساتھ دیگر جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔