لاھور کی خبریں 01.02.2013

شہبازشریف دنیا کو بتارہے ہیں پنجاب میں اب میں امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے:ثمینہ خاور حیات
لاہور(جی پی آئی)  رکن پنجاب اسمبلیچوہدری عبد الغفور خاں و مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ق شعبہ خواتین ثمینہ خاور حیات نے کہا ہے کہ شہبازشریف دنیا کو بتارہے ہیں پنجاب میں اب میں امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے حالانکہ  پنجاب میں 29 ہزار جرائم ریکار ڈ ہوچکے ہیں،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب میں عوام کے جان ومال کاتحفظ نہیں کیا جارہا ،پنجاب میں اراکین اسمبلی محفوظ نہیںتو عام آدمی کس طرح محفوظ ہوسکتا ہے ، یہاں جرائم کی شرح میں خطر ناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے، پنجاب پر حکومت کا کنڑول نہیں ہے ،انہوں نے کہاکہ جس صوبہ کا وزیرا علی صرف لاہور کے ایک منصوبے تک محدود ہو وہاں امن کس طرح قائم ہوسکتا ہے ،امن کے قیام کے لئے بہت محنت کرنا پڑتی ہے اور توجہ دئیے بغیر معاشرہ میں امن قائم نہیں ہو سکتا، پنجاب کے حکمران صرف اپنے مفاد پر توجہ دیتے ہیں ،یہ ہی وجہ ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام مسلم لیگ ن سے ناراض ہیں اور ن لیگ عوام کو حقوق فراہم نہیں کررہی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کینڈا سے تعلق رکھنے والے پرویز مشرف کے ساتھی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں:چوہدری عبدالغفور
لاہور( جی پی آئی) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ کینڈا سے تعلق رکھنے والے پرویز مشرف کے ساتھی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف بھی آپے سے باہر ہو رہے ہیں اور پاکستان آئے ہوئے پرویز مشرف کے ساتھی بھی اپنی حیثیت بھول گئے ہیں۔ جس طرح پرویز مشرف جمہوریت کے خلاف سازش کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے اسی طرح ان کے پیروکار بھی جمہوریت کے خلاف سازشیں کرتے نہیں تھکتے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کی بات کرنے والے ناکام ہو چکے ہیں مگر ان کے خون میں شامل آمریت پسندی انہیں چین نہیں لینے دیتی۔یہ وہ لوگ ہیں جو عوام کے حقوق غصب کرنے کے لئے آمروں سے مل کر سازشیں کرتے ہیں اور ملک کے وسائل لوٹتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ پرویز مشرف روز نیاجھوٹ بولتے ہیںاور کینڈا سے تعلق رکھنے والے ان کے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کی کوشش کر تے ہیں ۔ یہ جھوٹے لوگ ہیں جو اپنے مفادات کے لئے کچھ بھی کرنے سے گریز نہیں کرتے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جمہو ریت کیخلاف سب سے بڑی سازش حکمرانوں کی کر پشن ہے ‘:میاں محمد آصف
لاہور( جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ہم خیال کے صوبائی سیکر ٹری اطلا عات میاں محمد آصف نے کہا ہے کہ جمہو ریت کیخلاف سب سے بڑی سازش حکمرانوں کی کر پشن ہے ملک میں آزاد سپر یم کورٹ موجود نہ ہوتی تو حکمران ملک کو فرو خت کر چکے ہوتے آئندہ انتخابات میں صرف پیپلزپارٹی ہی انکے اتحادیوں کو بوریا بستر بھی ہمیشہ کیلئے گول ہو جا ئیگا ‘حکمران حکو مت کی آئینی مدت پوری کر نے کی ضد چھوڑ کر ملک میں فوری عام انتخابات کااعلان کر یں ۔ وہ اپنے دفتر میں پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔ میاں محمد آصف نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور انکے اتحادیوں نے ملک کا بیٹرہ غرق کر دیا ہے ان سے نجات ہی ملکی مسائل کا واحد حل ہے ‘ضمنی انتخابات میں عوام نے پیپلزپارٹی اور انکے حواریوں کو شکست دی ہے اور عام انتخابات میں جو بھی پیپلزپارٹی کا اتحادی ہو گا وہ اپنی سیاسی موت مر جا ئیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو ضمنی انتخابات کے بعد آئندہ انتخابات میں بھی اپنی شکست نظر آرہی ہے جسکی وجہ انتخابات میں تاخیر کی سازشیں کی جا رہی ہیں مگر قوم انکو انتخابات سے راہ فرار کی اجازت نہیں دیگی حکمرانوں کو ہر صورت مقررہ وقت پر انتخابات کروانا پڑ ینگے۔ انہوں نے کہا کہ جمہو ریت کیخلاف حکمرانوں کی پا لیساں ہی سب سے بڑی سازش ہیں اگر جمہو ریت بچانی ہے تو حکمرانوں کو گھر جانا ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور ڈسٹرکٹ بار میانوالی کے سابق صدر شیخ حنیف کے انتقال پراظہارتعزیت
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور ڈسٹرکٹ بار میانوالی کے سابق صدر شیخ حنیف  کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور دکھ کااظہار کیاہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میںمحمدشہبازشریف نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبروتحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میٹرو بس پراجیکٹ میں بھی اہل شاہدرہ سے دھوکا، یا سر گیلانی
لاہور(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف لاہو ر کے سینئر رہنماء انجینئر یا سر گیلانی نےNA-118 شاہدرہ کے مرکزی دفتر میں ملاقات کے لئے آئے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کا میٹروبس پراجیکٹ بھی شاہدرہ کی عوام سے دھوکا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ راوی کے پل کی تعمیر کے بغیر میٹروبس چلا دینا شاہدرہ کی عوام کے ساتھ نا انصافی ہے۔ ملک مصباح، شاہد منظور،ندیم بیگ، عبدالمنان، سلطان محمود گولا بٹ، چوہدری اسحاق نمبردار، ملک امجد فرید، عمر دراز،میاں علی و ابوبکر عظیم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہدرہ کی عوام کے ساتھ ہمیشہ نا انصاف ہوئی۔ میٹروبس کی وجہ سے شاہدرہ کی عوام بہت پریشان ہے ۔ راوی کا پل تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہو جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفاقی حکمرانوں کی کرپشن نے ہرشہری کو83 ہزار روپے کا مقروض بنا دیا ہے۔مسز ملک
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن)کلچرل ونگ پنجاب کی نائب صدر مسز ملک نے کہا کہ وفاقی حکمرانوں کی کرپشن نے ہرشہری کو83 ہزار روپے کا مقروض بنا دیا ہے۔وفاقی حکومت روزانہ4ارب روپے قرض حاصل کررہی ہے جبکہ ہر روز نوٹ چھاپ کر ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہاہے۔روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔حکمرانوں نے اپنے پانچ سالوں میں عوام الناس کے لئے کچھ نہیں کیا۔مسز ملک نے کہا کہ پنجاب میں وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے انقلابی اور عملی اقدامات سے صوبے کے لوگوں کی زندگی میں خوشحالی اور ترقی راہ ہموار ہوئی ہے  میٹروبس سروس سفری سہولیات کے شعبے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی اور ملک وصوبے کی نئی تاریخ رقم ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی نے لاکھوں شہریوں کو آمد ورفت کی باوقار، آرام دہ، محفوظ اور صاف ستھری سہولیات مہیا کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ میٹرو بس سسٹم کا منصوبہ ایک تعمیراتی شاہکار ہے جس سے لاہور کے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ دوسرے شہروں سے آنے والے افراد کو جدید سفری سہولتیں مہیا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں مسلم لیگ (ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن اور مسائل کا خاتمہ کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ سے ریٹائر ہونے والے سی سی پی او لاہور کی الوداعی ملاقات
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ  پنجاب محمد شہبازشریف سے آج ماڈل ٹائون میں ریٹائر ہونے والے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) محمد اسلم خان ترین نے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے سی سی پی او کی دوران سروس خدمات اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کی نگرانی میں لاہور پولیس نے جرائم کی بیخ کنی کیلئے متحرک کردار کیا۔ سی سی پی او نے ملاقات میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے وزیراعلیٰ کے بھرپور تعاون اور رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت نے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا، ملک اندھیروں میں بھٹک رہا ہے : وزیراعلیٰ
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران محبت اور اخوت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ ایران پاکستان کا بااعتماد اور مخلص دوست ملک ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی، تجارتی اور صنعتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ محمد نواز شریف نے بطور وزیراعظم ایران کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور ایران معاشی، تجارتی، صنعتی و زرعی میدان میں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر آگے بڑھیں۔ ایران خطے کا اہم ملک ہے اور ایران کو اس خطے میں قیام امن کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ ایران کی حیثیت مسلمہ ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ایران کے سپریم لیڈر کے مشیرعلی اکبر ولایتی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج ماڈل ٹائون میں 14 رکنی وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر مشیر سینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان، معاون خصوصی زعیم حسین قادری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی بھی اس موقع پرموجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہاکہ اسلامی ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مستحکم بنانے کیلئے علی اکبر ولایتی کاکردار بطور وزیر خارجہ لائق تحسین رہا ہے۔ایران کی طرف سے پاکستان کو توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے معاونت کی فراہمی خوش آئند ہے اور اگر وفاقی حکومت اس ضمن میں سنجیدگی کے ساتھ کام کرتی تو آج پاکستان اندھیروں میں نہ بھٹک رہا ہوتا۔ توانائی کے شدید بحران کے باعث پاکستان میں صنعت اور زراعت کے شعبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے پونے پانچ برس کے دوران توانائی بحران سے نمٹنے کے حوالے سے کوئی ٹھوس پالیسی نہیں بنائی۔ انہوں نے کہا کہ بدترین توانائی بحران سے نمٹنا بہت بڑا چیلنج ہے اور سب سے بڑا صوبہ ہونے کے باعث پنجاب توانائی کے بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے تاہم پنجاب حکومت نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے اپنے وسائل سے منصوبہ بندی کی ہے اور پانی، کوئلے و سولر سے توانائی کے حصول کے مختلف منصوبوں پر برق رفتاری سے کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لوڈشیڈنگ کے عذاب سے طلبا و طالبات کو ریلیف دینے کیلئے پاکستان کی تاریخ کا منفرد اور انقلابی پروگرام ”اجالا” شروع کیا ہے جس کے تحت سرکاری تعلیمی اداروں کے ہونہار طلبا و طالبات میں سولر پینل مفت تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ سولرپینل کے ذریعے ہونہار طلباء و طالبات نہ صرف لوڈشیڈنگ کے دوران تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے بلکہ ان کے گھر بھی روشن رہیں گے۔ پنجاب حکومت ”اجالا پروگرام” پر 2 ارب 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم صرف کر رہی ہے اور مجموعی طور پر 2 لاکھ سے زائد سولر پینل سو فیصد میرٹ پر ہونہار طلبا و طالبات میں مفت تقسیم کئے جا رہے ہیں جبکہ ایران کے تعاون سے لاہور میں پاکستان کا سب سے بڑا اور جدید سلاٹرہائوس قائم کیا گیاہے جس سے حلال گوشت کی برآمد میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو حفظان صحت کے مطابق گوشت میسر آئے گا۔ پنجاب حکومت لاہور کی طرز پر دیگر شہروں میں بھی جدید سلاٹر ہائوس بنائے گی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے عام آدمی کو جدید، باکفایت اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے میٹرو بس پراجیکٹ برق رفتاری سے مکمل کیاہے۔ میٹرو بس پراجیکٹ کا افتتاح 10 فروری کو کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ صرف لاہور کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ہے اور یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ محمد نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات انتہائی مستحکم تھے اور محمد نواز شریف نے پاک ایران تعلقات اور رشتوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف جس طرح عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔ عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی مینجمنٹ قابل تعریف ہے۔ جس طرح محمد شہباز شریف نے پنجاب کے عوام کی ترقی کیلئے کام کیاہے، ہماری دعا ہے کہ پورا پاکستان اسی طرح ترقی کرے۔ بلاشبہ پنجاب پاکستان کا دل ہے اور شہباز شریف کی قیادت میں صوبہ ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ علی اکبر ولایتی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کو معاشی، تجارتی، صنعتی اور زرعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو ایران کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم ایران کو دوسرا گھر سمجھتے ہیں، پہلی فرصت میں تہران کا دورہ کریں گے۔ ملاقات کے دوران علی اکبر ولایتی اور ان کے وفد کے ارکان نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے ان کے چھوٹے بھائی محمد عباس شریف کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔