لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال ریجن کے سی این جی اسٹیشنز بند

CNG

CNG

لاہور، شیخوپورہ اور ساہیوال ریجن کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی چونسٹھ گھنٹے کیلئے بند کردی گئی ہے جبکہ سندھ و بلوچستان کی صنعتوں کی گیس ایک دن بعد بحال کردی گئی ہے۔ گیس لوڈمینجمنٹ شیڈول کے تحت گیس کی بندش بدھ کی رات دس بجے تک جاری رہے گی۔اس سے پہلے گیس کی بندش کا سلسلہ تین روز تھا۔
سی این جی ایسوسی ایشن اور وزرات پٹرولیم کے مذاکرات کے بعد لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں آٹھ گھنٹے کمی کی گئی۔ گیس کی بندش سے قبل سی این جی اسٹیشنز پرگاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ صارفین کا کہنا تھا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث انہیں شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور صبح چھ بجے سے پہلے گاڑیوں میں گیس بھروانے کیلئے فلنگ اسٹیشنز پر آنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب ان اسٹیشنز پر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد بھی مشکلات کا شکار ہیں۔