لاہور: ڈینگی بخار سے آج دو افراد دم توڑ گئے

dengue

dengue

لاہور میں ڈینگی بخار سے آج دو افراد دم توڑ گئے۔ جبکہ مزید ایک سو چہتر افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ لاہور کے میو ہسپتال میں کھوکھرٹان کی بنت سرور اور جناح اسپتال میں اوکاڑہ کا تیس سالہ اطہرحسین ڈینگی وائرس کا شکار ہو گئے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مرنے والوں کی تعداد چار ہوگئی ہے،جن میں گجر سنگھ کی تیس سالہ نیلم اور منڈی فیض آباد کی پچپن سالہ شریفاں بھی شامل ہے۔ صوبے میں اب تک ڈینگی وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد تین سوبائیس ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق ڈینگی کا شکار سات سو باسٹھ افراد اس وقت صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں جن میں سے چھ سو گیارہ لاہورکے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں مزید ایک سو چھہتر افراد میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوئی ہے،جن میں سے چونسٹھ مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے جبکہ اب تک انیس ہزار آٹھ سو پینتالیس افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو جا چکے ہیں۔