لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج، شہباز شریف بھی کود پڑے

Load Shedding Strike

Load Shedding Strike

پاکستان : (جیو ڈیسک) بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہروں اور احتجاج میں مسلم لیگ ن کی قیادت بھی شامل ہوگئی۔ پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اب بجلی کے ستائے عوام کے ہمراہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کریگی۔ صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا عذاب جاری ہے ۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بجلی کے مارے شہریوں کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا اور پھر شہر شہر احتجاج ہوا، ماردھاڑ سے بھرپور احتجاج کے دوران مظاہرین اورپولیس میں جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ وہاڑی میں مشتعل افراد نیواپڈا کے دفاتر کو آگ لگا دی۔

ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ ساڑھے سات ہزار میگا واٹ کے شارٹ فال کے باعث شہروں میں ہر تین گھنٹے اور دیہات میں بیس بیس گھنٹے بجلی غائب ہے جس کی وجہ سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو پھر شہریوں کے پاس احتجاج کے سوا کوئی چارہ کار نہیں رہا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ کے ماروں نے احتجاج کیا اور سڑکوں پرنکل آئے۔ کہیں مارکٹائی ہوئی تو کہیں جلا گھیرا۔ کہیں شیشے توڑے گئے تو کہیں ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیئے گئے۔

وہاڑی میں مشتعل افراد نے سیاسی رہنماں کے دفاتر اور واپڈا کمپلیکس پر دھاوا بول دیا اور دفاتر،سرکاری جیپ، درجنوں موٹر سائیکلوں کو جلا دیا۔ پولیس کے روکنے پر مشتعل افراد نے ڈی پی او آفس میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کے ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کی اس دوران سڑکیں میدان جنگ کامنظر پیش کر رہی تھیں۔ مظاہرین بھی پیچھے نہیں رہے اورپولیس پر پتھراؤ کردیا۔ جھڑپوں میں کئی مظاہرین اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

منڈی بہاؤالدین میں بھی ایکسین واپڈا کے دفتر پر لوڈ شیڈنگ کے ستائے افراد نے حملہ کر دیا اور زبردست توڑ پھوڑ کی۔ مظاہرین نے پتھرا کر کے عمارت کیشیشے توڑ دئیے اس موقع پر پولیس لاٹھی چارج سے متعدد مظاہرین زخمی ہوئے۔ شیخوپورہ ، جہلم، سرگودھا اور پیرمحل سمیت متعدد شہروں میں تاجروں نے شٹرڈان ہڑتال کی۔ تاجروں کا کہنا ہے لوڈشیڈنگ نے ان کا کاروبار تباہ کر دیا ہے۔

لوڈشیڈنگ سے کئی شہروں میں پانی کا بحران بھی پیدا ہو گیا ہے پاکپتن میں خواتین نے گھڑے اٹھا کر احتجاج کیا۔ فیصل آباد، خوشاب، میانوالی، گوجرانوالہ، گجرات ،گوجرہ، سیالکوٹ، اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کی جائے۔