مارکیٹیں رات آٹھ بجے بند ہونگی۔ انرجی کانفرنس

Energey Conference

Energey Conference

پاکستان: (جیو ڈیسک) دوسری انرجی کانفرنس کے دوران تمام صوبوں نے وفاق سے مل کر بجلی کی بچت کے لیئے لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔ جس میں مارکیٹیں رات آٹھ بجے بند کرنا، سرکاری دفتر میں ہفتے کے پانچ روز کام کرنا بھی شامل ہے۔

دوسری انرجی کانفرنس کے بعد وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے چاروں صوبوں کے وزراء اعلی، وزیر پانی و بجلی اور وزیر خزانہ کے ہمراہ انرجی کانفرنس میں بجلی کے بحران کے لیئے تیار کئے گئے لائحہ عمل کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیر سے جمعہ تک مارکیٹیں رات آٹھ بجے بند کرنے کی تجویز ہے۔ اس تجویز پر دوہزار دس میں بھی عمل درآمد کیا گیا تھا۔ اس سے یومیہ ڈھائی سو میگا واٹ بجلی کی بچت ہوگی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں پانچ روز کام کیا جائے گا جس سے سات سو میگا واٹ بجلی کی بچت ہوگی۔

وزیراعظم نے مزید کہا اسٹریٹ لائٹس کی تعداد میں کمی کی جائے گی جس میں تجویز ہے کہ ہر دو کھمبوں میں سے ایک پر بلب نہیں روشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز کو بجلی فراہم نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کو یکساں بجلی فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر پنجاب کے وزیراعلی شہباز شریف نے کہا کہ پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ کا یکسان نظام رائج کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔