محب وطن پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے جھانسے میں نہ آئیں :کاشف شبیر

گجرات (جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما کاشف شبیر نے بھارتی وزارت تجارت کی طرف سے پاکستانی شہریوں اور تاجروں کو بھارت میں سرمایہ کاری کی اجازت دینے کی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے محب وطن پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے جھانسے میں نہ آئیں ۔ ہندو بنیا ہمیشہ اپنا مفاد سوچتا ہے ۔ وہ پاکستان کا خیر خواہ نہیں بلکہ دشمن نمبر ایک ہے جو ہر سطح پر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔گذشتہ روز پاسان میڈیا سیل سے خصوصی گفتگومیںکاشف شبیرنے کہاکہ بھارت کی دلچسپی ہی یہ ہے کہ پاکستان کے حالات بہتر نہ ہوں ۔ وہ ایک منصوبے کے تحت پاکستان کو کمزور اور اس کے خلاف آبی جارحیت کر رہاہے ۔

بھارت نے پاکستان کے حصے کے دریائوں پر 62 سے زائد بند تعمیر کر لیے ہیں اور پاکستان کے حصے کا پانی ہڑپ کر لیا ہے۔ بھارت پاکستان کی سرزمین کو صحرا میں تبدیل کرنا چاہتاہے تاکہ ہماری زراعت ، صنعت اور معیشت تباہ ہو جائے اور ہم سب کچھ بھارت سے منگوانے پر مجبور ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی ساری دلچسپیاں ریجن میں اپنی تھانیداری قائم کرنے پر مرکوز ہیں ۔امریکہ اس کی پشت پناہی کر رہاہے اور پاکستانی حکمران اپنے عملی اقدامات سے بھارت کی ”بالادستی ” قائم کرنے کے لیے پوری طرح کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں بجلی اور گیس کا مصنوعی بحران پیدا کر کے پاکستانی سرمایہ کاروں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کر دیا گیاہے ۔

ملک کی چالیس فیصد انڈسٹری پہلے ہی بنگلہ دیش منتقل ہو چکی ہے جو باقی بچی ہے اسے بھارت اپنے ہاں منتقل کرنے کے لیے آفر کر رہاہے۔ حکمرانوں نے ملک کے حالات اس نہج پر پہنچا دیئے ہیں کہ یہاں کوئی بیرونی سرمایہ کار سرمایہ لگانے کے لیے تیار نہیں ہے بلکہ خود پاکستانی سرمایہ کار بھی ملک چھوڑ کر اپنی انڈسٹری باہر کے ممالک میںمنتقل کرنے پر مجبور کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلے بھارت کے ساتھ تجارت کھول کر ملک کے صنعتکاروں کے ہاتھ پائوں باندھ دیئے گئے ، پھر بھارت کے لیے بارڈر اور زمینی راستے کھول کر اسے افغانستان تک رسائی دے دی گئی ہے اب نیٹو اور بھارت کو پوری آزادی ہے کہ وہ پاکستان کے راستے افغانستان میں جوکچھ چاہیں لے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے پاکستان کی سرزمین کو شاملات میں تبدیل کر دیاہے ۔ پاکستان کی آزادی و خود مختاری دائو پر لگا دی گئی ہے ۔ ہماری سرحدوں کو دشمن روز پامال کرتاہے لیکن ملک کی حفاظت پر مامور ہماری فوج کو اس کی پروا ہے نہ حکمرانوں کی غیرت جاگتی ہے۔

ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے کاشف شبیرنے بھارت کی طرف سے پاکستانی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو سرمایہ کاری کی اجازت دینے پر اپنے ردعمل میں کہاہے کہ یہ بھارت کی گہری سازش اور شاطرانہ چال ہے ۔ اس سے قبل بھارت نے پاکستان کو تجارت کے لیے فیورٹ ملک قرار دیا جس کے جواب میں پاکستان نے بھی بھارت کو تجارت کے لیے موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ دیا جس سے پاک بھارت تجارت کے عمل سے پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان اور بھارت کو اربوں ڈالر کا فائدہ ہوا ۔

انہو ں نے کہاکہ پاکستان کے سرمایہ کاروں ، تاجروں کو حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کی آفر کو ٹھکرا دیناچاہیے ۔ پاکستانی معیشت کا حب زراعت و صنعت پر منحصر ہے اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھاہے ۔ پاکستان کے حصے میں آنے والے دریائوں پر بھارت نے ناجائز ڈیم ، بیراج تعمیر کر لیے ہیں اور پاکستان کو بنجر بناکر اس کی زراعت کو تباہ و برباد کرنے کے گھنائونے منصوبوں پر عمل پیرا ہے ۔ دوسرا پاکستان میں دہشتگردی ، تخریب کاری کے نیٹ ورک کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے ۔ بلوچستان کو شورش زدہ بنانے میں بھارت اور اس کی خفیہ ایجنسی ”را” براہ راست ملوث ہے ۔