محمد عرفان پاکستان کا خفیہ ہتھیار ثابت ہوں گے ، محمد حفیظ

Mohammad Hafeez

Mohammad Hafeez

پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ نے محمد عرفان کو بھارت کیخلاف منگل سے شروع ہونیوالی سیریز میں اپنی ٹیم کا خفیہ ہتھیار قرار دیا ہے۔کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ پاک ، بھارت سیریز کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔

چناسوامی اسٹیڈیم میں کئی گھنٹے پریکٹس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کی سیریز ہمیشہ مشکل ہوتی ہے جس میں ہر کھلاڑی فتح کیلئے میدان میں اترتا ہے۔ ہم یہاں صرف کرکٹ کھیلنے نہیں بلکہ دل جیتنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان کے اور مصباح الحق کے مقابلے میں دھونی کافی تجربہ کار کپتان ہیں لیکن ان پر اس کا کوئی دباؤ نہیں۔ سیریز میں جو ٹیم دباؤ کا بہتر طور پر سامنا کرے گی وہی کامیاب ہوگی۔ فاسٹ بولرمحمد عرفان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کا خفیہ ہتھیار ثابت ہونگے۔

کوچ ڈیو واٹمور نے کہاکہ پہلی بار روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی سیریز میں کوچنگ کا ان پر کوئی دباؤ نہیں ، وہ پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔ ایشین ممالک کے کھیلنے کے انداز میں زیادہ فرق نہیں ہے۔