ملک بھر میں ماہ مقدس کا آغاز ہوگیا

 ramadan mubarak

ramadan mubarak

پاکستان (جیو ڈیسک)رحمت ، مغفرت اور آتش دوزخ سے نجات کے ماہ صیام کا آغاز ہو گیا۔ مساجد نمازیوں سے بھر گئیں۔ پہلی مرتبہ پاکستان میں ہرجگہ ایک ہی دن رمضان المبارک کا آغاز ہوا ہے۔ چاند کے اعلان کے ساتھ ہی ملک میں زندگی یکدم بدل گئی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے جمعہ کی شب تقریبا نو بج کر بیس منٹ پر رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا۔

سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں بدین، چھور،جیوانی اور پسنی میں چاند دیکھنے کی شہادتیں ملیں۔ مرکزی رویت کے اجلاس میں محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین بھی شریک تھے۔ چاند کے اعلان کے بعد مفتی منیب الرحمن نے خصوصی دعا کرائی۔

رویت ہلال کی شہادتیں بنوں سے بھی آئیں۔ پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں غیر سرکاری رویت ہوئی۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی ہفتے کے روز ہی پہلے روزے کا اعلان کیا۔ عشاء کی نماز کے بعد لوگ چاند دیکھے جانے کے انتظار میں مساجد میں ہی تھے۔ اعلان ہوتے ہی تراویح کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔

رحمت۔ مغفرت اور دوزخ کی آگ سے نجات کے مہینے کی اطلاع ملتے ہی۔ ملک بھر میں مساجد بھر گئیں۔ شہر شہر گلی گلی اللہ اکبر کی صداوں سے گونج اٹھیں۔ کراچی سمیت کئی شہروں میں پانچ اور دس روزہ تراویح بھی شروع ہو گئیں۔