ملک میں کبھی عوامی حکومت قائم نہیں ہوسکے گی ، جی کیو ایم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے ذریعے عوام کو ایک مضبوط جمہوری حکومت فراہم کرنے کی چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخرالدین جی ابراہیم کی خواہش اور پر خلوص کوشش اپنی جگہ لیکن ووٹر لسٹوں کو خامیوں سے سو فیصد پاک اور تمام بالغ رائے دہندگان کے ووٹر لسٹوں میں درست اندراج کے ساتھ پاکستان میںموجود انتخابات میں حصہ لیکر اپنی عوامی قوت آزمانے اور عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر عوام کی خدمت کے عمل میں شرکت کی۔

خواہشمند تمام چھوٹی و بڑی ، قومی وعلاقائی اور مقامی سیاسی و مذہبی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دیئے بغیر اس کوشش کی تکمیل ممکن دکھائی نہیں دیتی اسلئے سپریم کورٹ اور چیف الیکشن کمشنر کو ووٹر لسٹوں کی ازسرِ نو درستگی ‘ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے اور ووٹنگ کی شرح میں اضافے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کے ساتھ انتخابات کو متناسب شرح نمائندگی کے تحت کرانے کی جانب بھی توجہ دینی ہوگی وگرنہ 80 فیصد عوام کے مسترد کردہ نمائندے کی اپنے مخالف سے چند ووٹوں کی سبقت لیکر اقتدار میں آنے کی روایت برقرار رہے گی اور ملک میں کبھی مضبوط و مستحکم جمہوریت اور عوامی حکومت قائم نہیں ہوسکے گی ۔