ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی

Pakistan Cold

Pakistan Cold

پاکستان (جیوڈیسک) چوبیس گھنٹے کے دروان ملک کے بالائی علاقوں میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملاکنڈ، ہزارہ ، پشاور ڈویژن ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ پٹن، کالام اور مالم جبہ میں تیرہ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مالم جبہ منفی پانچ ڈگری سنٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا سرد ترین مقام رہا ۔۔ ہنزہ، کلام اور استور میں کم سے کم درجہ حرات منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ، دوش منفی تین،گوپس دیر اور مری منفی دو اور گلگت میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت دو ڈگری سینٹی گریڈ،مظفر آباد چار،اسلام آباد پانچ ، پشاور سات،لاہور اور فیصل آباد نو، ملتان دس، حیدر آباد تیرہ اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت پندرہ ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔