ملک کے مختلف شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے تک جاپہنچا

Load Shedding

Load Shedding

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد ملک کے مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے تک جاپہنچا ہے۔ سیالکوٹ میں تاجروں اور صنعت کاروں نے بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا ۔پنجاب کے مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12سے14گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔

سیالکوٹ میں فیکٹری ایریا کے صنعتکار اور تاجروں نے بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا اور شہاب پورہ روڈ بلاک کرکے واپڈا آفس کے سامنے نعرے بازی کی۔ سندھ میں حیدرآباد،نواب شاہ ،لاڑکانہ،جیکب آباداور سکھر سمیت کئی شہروں میں 12،12گھنٹے تک بجلی غائب رہنے سے کاروبارزندگی متاثر ہے۔

بلوچستان کے علاقے بختیار آباد میں دھماکے سے متاثرہ ٹاورز کی مرمت کے باوجود بجلی کی فراہمی بہتر نہیں ہوئی۔ صوبے کے 16اضلاع میں ضلعی ہیڈکوارٹرز کو چار ،چارگھنٹے اور دیہی علاقوں کوڈھائی سے تین گھنٹے تک ہی بجلی میسر آرہی ہے۔خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقوں میں بھی بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے لوگ مشکل میں ہیں۔

ڈیرہ بگٹی کے قریب گیس کی پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی گئی ترجمان واپڈا کے مطابق گیس کی پائپ لائن کو نقصان پہنچنے سے 150میگاواٹ بجلی کی پیداوار مزید کم ہو گئی ترجمان واپڈا کے مطابق 18انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو علی الصبح دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔

اس سے حبیب اللہ کوسٹل اور شیخ مندا کوئٹہ تھرمل پاور اسٹیشن کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی ، ترجمان واپڈا نے مزید بتایا کہ گیس کی پائپ لائن کو نقصان پہنچنے سے 150میگاواٹ بجلی کی پیداوار مزید کم ہو گئی۔