نائجیریا : پولیو کارکنوں پر فائرنگ ، 12 ہلاک ، متعدد زخمی

Nigeria

Nigeria

نائجیریا (جیوڈیسک) نائجیریا میں پولیو کارکنوں پر فائرنگ سے 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ شمالی نائجیریا میں پولیو کے مراکز پر فائرنگ کر کے 12 افراد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ پہلے حملے میں موٹر سائیکل سوار بندوق برداروں نے کانو شہر میں چار پولیو کارکنوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اس کے آدھے گھنٹے بعد مسلح افراد نے ان عورتوں پر فائر کھول دیا جو کانو کے باہر ہوتورو قصبے میں اپنے بچوں کے ساتھ ایک صحت مرکز میں بیٹھی انتظار کر رہی تھیں۔

واضع رہے کہ 2003 میں نائجیریا کے مسلمان رہنمائوں نے پولیو کے ٹیکوں کی یہ کہہ کر مخالفت کی تھی کہ اس سے بچوں میں بانجھ پن پیدا ہو جاتا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ صحت مرکز پر حملے میں زخمی ہونے والوں کو علاج کے لئے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ ہوتورو میں ہلاک ہونے والے افراد میں صحت کے کارکن شامل ہیں یا نہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ امیرِ کانو پر ہونے والے حملے میں عسکریت پسند تنظیم بوکو حرام کا ہاتھ ہے۔

اس تنظیم کے نام کا مطلب مغربی تعلیم حرام ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کے خاتمے اور شریعت کے نفاذ کے لیے لڑ رہے ہیں۔ 2010 کے بعد سے اس تنظیم پر وسطی اور شمالی نائجیریا میں 1400 کے لگ بھگ افراد کی ہلاکت کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔ نائجیریا دنیا کے ان تین ملکوں میں شامل ہے جہاں پولیو اب بھی پایا جاتا ہے۔ دوسرے دو ممالک پاکستان اور افغانستان ہیں۔