نیٹو سپلائی جلد بحال ہونے کے امکانات ہیں، وائٹ ہاؤس

Tom Donilon

Tom Donilon

واشنگٹن: (جیو ڈیسک) وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کے مشیر ٹام ڈونییل نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی بہت جلد بحال ہونے کی امید ہے۔ اس حوالے سے پاکستان اور امریکا کے درمیان انتہائی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ شکاگو کانفرنس میں صدر آصف علی زرداری اور صدر اوباما کے درمیان پہلے سے طے شدہ ایجنڈے کا حصہ نہیں ہے مگر دونوں رہنما اس موقع کا فائدہ اٹھاکر ملاقات کر سکتے ہیں۔

شکاگوکانفرنس میں نیٹو ممالک تین اہم امور پر بحث کریں گے جس میں دو ہزار تیرہ میں افغان سیکورٹی فورسز کو سیکورٹی کی ذمے داریاں سپرد کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ دوسرے دو ہزار چودہ میں افغان حکام کو مشن کی منتقلی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

امریکی اور نیٹو افواج کی واپسی کے بعد افغانستان کی سیکورٹی اور اقتصادیات کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس مد میں ابتدائی تخمینہ چار ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ شکاگو کانفرنس میں اس امر پر بات کی جائے گی کہ افغانستان میں القاعدہ دوبارہ اپنی سرگرمیاں شروع نہ کرسکے۔