نیٹو سپلائی کے معاملے پر پاکستان سے بات چیت جاری ہے، امریکا

 Leon Panetta

Leon Panetta

امریکا : (جیو ڈیسک) امریکی وزیر دفاع لیون پینیٹا نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کے معاملے پر پاکستان سے بات چیت جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں جانب ایک دوسرے پر اعتماد کی فضا پیدا ہو رہی ہے اور امید ہے کہ معاملات بخوبی طے پا جائیں گے۔ حقانی نیٹ ورک سے نمٹنے کیلیے پاکستان اور امریکا مل کر کام کریں۔ دونوں کو مشترکہ دشمن کا سامنا ہے۔

واشنگٹن میں نیوز کانفرنس کے دوران لیون پینیٹا نے کہا کہ جنرل ایلن اور جنرل کیانی کی ملاقات میں پاکستان میں حقانی گروپ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک امریکا مشترکہ کوششوں پر بات چیت ہوئی ہے۔

لیون پینیٹا نے کہا کہ امریکا کی طرح پاکستان بھی دہشت گردی کا شکار ہے اور دونوں ممالک اپنے مشترکہ دشمن سے ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈمپسی نے بھی پریس بریفنگ میں صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے۔ انھوں نے کہا کہ مسلح افواج کی سینیئر قیادت کو دہشت گردی کی جنگ میں حصہ لینے والے سپاہیوں کا خیال رکھنا چاہیے۔