وزیراعظم کی گرفتاری کے فیصلے کے خلاف مینگورہ میں پیپلزیوتھ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا

سوات(جی پی آئی)وزیراعظم کی گرفتاری کے فیصلے کے خلاف مینگورہ میںپاکستان پیپلزپارٹی اورپیپلزیوتھ آرگنائزیشن کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا،مظاہرین نعرے لگاتے ہوئے سوات پریس کلب پہنچ گئے جہاں پر پی پی پی کے ضلعی صدر سلیم الرحمان، جنرل سیکرٹری فضل حیات چٹان، اقبال حسین بالے اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں مگروزیراعظم کے خلاف فیصلہ کسی بھی صورت ماننے کو تیار نہیں۔

انہوںنے کہا کہ طاہرالقادری نے اسلام آبادجاکرجو دھرنا دیا ہے وہ حکومت اوراس ملک کے خاتمہ کی ایک سازش ہے جو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہوگی ، حکومت کی مدت مارچ تک ہے اور کوئی بھی اسے وقت سے قبل ختم نہیںکرسکتا، پی پی پی کو حکومت خیرات میں نہیںملی اسے عوام نے منتخب کیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ پی پی پی نے ہردور میں ملک وقوم کے لئے قربانیاں دی ہیںمگرافسوس کا مقام ہے کہ ہردور میں اس پارٹی کے خلاف طاہرالقادری اورمنصور اعجازکی شکل میں سازشیں ہوئی ہیں جنہیںعوام کی قوت سے ناکام بنائیںگے۔

انہوںنے کہاکہ حکومت نہ صرف مدت پوری کرے گی بلکہ آئندہ الیکشن میں بھی پی پی پی اقتدار میں آئے گی،انہوںنے کہا کہ پی پی پی کے کارکن وزیراعظم کے ساتھ ہیں ہم ملک میں امن،استحکام،روزگار اور عوامی مسائل کا حل چاہتے ہیں اور پی پی پی ان مقاصد کے حصول کے لئے عملی جدوجہدکررہی ہے،انہوںنے کہا کہ پی پی پی عوامی پارٹی ہے اور عوام کا اس پراعتماد ہے جسے ہرحال میں بحال رکھاجائے گا۔