وفاقی کابینہ نے دہری شہریت رکھنے کا بل منظور کرلیا

Cabinet

Cabinet

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) وفاقی کابینہ نے دوہری شہریت رکھنے کا بل منظور کرلیا ہے ۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا جس میں دہری شہریت رکھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں کابینہ نے باقاعدہ دہری شہریت رکھنے کا بل منظور کیا۔

دستور پاکستان کے تحت رکن پارلیمنٹ کو ریاست کا وفادار ہونا چاہئے اور کوئی شخص بیک وقت کسی ایک ملک کا ہی وفادار ہوسکتا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت اب تک چھ ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کی گئی ہے جس میں پیپلزپارٹی کے تین، متحدہ قومی موومنٹ کے دو اور مسلم لیگ ن کا ایک رکن پارلیمنٹ شامل ہے۔

دہری شہریت کیس کا پہلا شکار بنیں سابق سفیر حسین حقانی کی اہلیہ فرح ناز اصفہانی۔ امریکی شہریت کا اقرارکرنے پر پچیس مئی کو سپریم کورٹ نے ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی۔ مشیر داخلہ رحمن ملک بھی عدالت میں برطانوی شہریت ترک کرنے کی سند نہیں پیش کرسکے جس پر ان کی سینیٹ کی رکنیت معطل کی گئی۔

پچیس جون کو عدالتی حکم پر پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی زاہد اقبال کو اپنی نشست سے عارضی طور پر ہاتھ دھونا پڑا۔ تین جولائی کو عدالتی فیصلے کے تحت مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی جمیل ملک پر پارلیمنٹ کے دروازے بند ہوگئے۔

دہری شہریت کیس کے تازہ ترین شکار ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی فرحت محمد اور رکن سندھ اسمبلی نادیہ گبول بنیں۔ دہری شہریت کا الزام کئی ارکان پر لگا ہے، دیکھتے ہیں مزید ارکان کے مستقبل کا فیصلہ کیا ہوگا۔۔