پاکستانی سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 8 کروڑ ڈالر کی ضرورت ہے : اقوام متحدہ

Pakistan Flood Aid

Pakistan Flood Aid

پاکستان (جیوڈیسک) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسے پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے آٹھ کروڑ ڈالر کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی امداد کے امور کے متعلق نائب سیکریٹری جنرل کیتھرین براگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جیسا کہ عام طور پر ایسے طویل بحرانوں میں ہوتا ہے، اقوام متحدہ کے پاس پیسوں کی کمی ہے اور متاثرین کی امداد کے لیے فوری طور پر سات کروڑ نوے لاکھ ڈالر کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسم سرما قریب ہے اور اس کی وجہ سے متاثرین کی امداد کے سلسلے میں پیسوں کی ہنگامی ضرورت بڑھ گئی ہے۔ اقوام متحدہ کی اہلکار نے بتایا ہے کہ لاکھوں متاثرہ افراد کو اب بھی خوراک اور سائبان کی ضرورت ہے جبکہ دس لاکھ سے زیادہ لوگوں کو اب بھی صحت و صفائی کی سہولتوں، پینے کے صاف پانی اور بیج اور کھاد کی ضرورت ہے۔

کیتھرین براگ کے بقول متاثرین کی امداد کے سلسلے میں اقوام متحدہ کو مجموعی طور پر سولہ کروڑ نوے لاکھ ڈالر کی ضرورت ہے لیکن اس وقت سات کروڑ نوے لاکھ ڈالر کی ہنگامی ضرورت ہے جبکہ اب تک اقوام متحدہ سے مجموعی طور پر پانچ کروڑ بیس لاکھ ڈالر کی امداد کے وعدے کیے گئے ہیں۔