پاکستان ، بھارت تجارت کے لئے سرحدیں کھولنے پر رضامند

pakistan india

pakistan india

نئی دھلی : (جیو ڈیسک) صدر آصف علی زرداری کی نئی دھلی میں وزیراعظم من موہن سے ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کیلئے اقدامات میں تیزی آئی ہے۔ پاکستان اور بھارت تاجروں کو ملٹی پل انٹری ویزا دینے پر غور کر رہے ہیں۔ بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر شاہد ملک نے نئی دھلی میں صحافیوں کو بتایا کہ تجارتی مقاصد کے لئے نئی سرحدی چیک پوسٹ کھولنے سے تعلقات کو معمول پر لانے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے چیک پوسٹ کھولنے کے بعد تجارتی اشیاء کی آزادانہ نقل و حمل آسان ہوسکے گی۔

بھارتی وزیر تجارت آنند شرما کا کہنا تھاکہ بھارت کو تجارت کیلئے پسندیدہ ملک قرار دئیے جانے اور منفی لسٹ میں مرحلہ وار کمی سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات مزید بہترہوں گے۔ پاکستان اور بھارت تجارتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے تاجروں کو ملٹی پل انٹری ویزا اور پولیس رپورٹنگ کی پابندی ختم کرنے پر غور ہو رہا ہے۔ بھارتی رکن پارلیمنٹ مانی شنکرآئر نے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان تجارتی دوریاں جلد ختم ہوجائیں گی۔ اسلام آباد اور نئی دھلی کے ایک دوسرے کو پسندیدہ ملک قرار دینے اور ممنوع اشیاء کی فہرست ختم کرنے سے باہمی تجارت اور خطے کی معیشت پر مثبت اثرات ہوں گے۔