پاکستان سمیت دنیا بھر میں نئے سال کا شاندار استقبال ، رنگا رنگ تقریبات

Happy New Year 2013

Happy New Year 2013

پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں 2013 کے شاندار استقبال کا سلسلہ جاری ہے۔ نئے سال کا آغاز نیوزی لینڈ میں آسمان پر رنگ و نور کی برسات سے ہوا۔ کراچی ، لاہور، فیصل آباد، سکھر، ملتان، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور اور دیگر شہروں میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور اپنے انداز میں نئے سال کو خوش آمدید کہا۔ آک لینڈ میں 328 میٹر بلند اسکائی ٹاور پر آتش بازی کے شاندار مظاہرے کو ہزاروں افراد نے دیکھا۔

آسٹریلیا کیشہر سڈنی میں بھی نئے سال کا جشن زبردست آتش بازی سے کیا گیا۔ سڈنی ہاربر پر موجود ہزاروں افراد نے جشن منایا۔ ساموا دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں دو ہزار تیرہ شروع ہوا۔ دارالحکومت اپیا میں Apia میں روائتی قبائلی رقص اور رسومات سے نئے سال کا استقبال کیا گیا۔ دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ رنگ و نور میں نہا گئی جبکہ میوزک کنسرٹ نے نئے سال کی خوشیاں دوبالا کر دیں۔ چین میں سال نو کا شاندار استقبال کیا گیا۔

شنگھائی میں شاندار آتشبازی کی گئی جبکہ بلند و بالا عمارتوں پر تھری ڈی لائٹس کے دلفریب نظارے نے سب کو سحر زدہ کر دیا۔جرمنی کے شہر برلن میں آتش بازی کے شاندار مظاہرے، لیزر شو اور جدید موسیقی کی دھنوں پر رقص کے ساتھ سال نو کو خوش آمدید کہا گیا۔ لندن کے دریائے ٹیمز کے کنارے نئے سال کے آغاز پر رنگا رنگ روشنیوں سے آسمان جگمگا اٹھا جبکہ ہزاروں افراد نے میوزیکل کنسرٹ میں شرکت کی۔جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں نئے سال کا آغاز شہر کی وسطی عبادت گاہ میں گھنٹہ بجا کر کیا گیا۔ ہانگ کانگ کے وکٹوریہ ہاربر پر نیا سال شروع ہوتے ہی آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نیٹو کے فوجی اڈے پر بھی نئے سال کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر نیٹو فوجیو ں نے ماسک پہن کر ڈانس کیا ۔جنوبی افریقہ ،،یونان،،کویت ،تائیوان اور روس سمیت کئی ممالک میں نئے سال کا بھرپور استقبال کیا گیا۔آتش بازی سے آسمان رنگ برنگی روشنیوں میں نہا گیا۔دوسری جانب دنیاکے مختلف ملکوں میں نئے سال کے استقبال کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔

نیویارک میں دس لاکھ افراد نئے سال سے وابستہ خواہشات رنگ برنگی پرچیوں پرلکھ کرآسمان کی طرف اچھالیں گے۔لاس اینجلس میں دوہزارتیرہ کا استقبال پھولوں سے سجے خوبصورت فلوٹس کی پریڈ سے کیاجائے گا۔