پاکستان میں جمہوری عمل جاری رہنا چاہئے، چیف جسٹس

Chief Justice

Chief Justice

ایبٹ آباد (جیوڈیسک) چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے کہا ہے کہ عدلیہ نے مارشل لا کے تمام اقدامات ختم کردیئے ہیں، پارلیمنٹ اورعدلیہ آئین کے پابند ہیں۔ایبٹ آباد بار میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ سات برس پہلے والی اور آج کی پارلیمنٹ میں بہت فرق ہے۔ آج پارلیمنٹ اور عدلیہ دستور کے پابند ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان کی چار اسمبلیاں 58 ٹوبی کی نظر کر دی گئیں مگر بھارت میں کئی سنگین معاملات سامنے آنے کے باوجود حکومت ختم نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی جمہوری عمل جاری رہنا چاہئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستانی وکلا نے وہ کام کر کے دکھایا جس کے لئے صدیاں لگتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جلد ایک انتہائی پر امن ملک ہو گا۔