پاکستان نے پہلا ون ڈے جیت لیا، ناصر جمشید کی ناقابل شکست سینچری

Pakistan Vs India

Pakistan Vs India

پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی بھارت کو چھ وکٹوں سے شکست، تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

بھارت کے شہر چنائی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح کے لئے 228 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے چار وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر ناصر جمشید ایک سو ایک رن بنا کر ناٹ آٹ رہے۔ ایک روزہ کرکٹ میں ان کی دوسری سنچری ہے جو انہوں نے بھارت کے خلاف بنائی ہے۔ پاکستان کی جانب سے یونس خان نے 58 جبکہ شعیب ملک نے 34 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلی گیند پر ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب بھوونیشور کمار نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر محمد حفیظ کو کلین بولڈ کر دیا۔ انہوں نے ہی اظہر علی کو 21 کے مجموعی سکور پر آٹ کر کے بھارت کو دوسری کامیابی دلوائی۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 133 کے سکور پر اس وقت گری جب یونس خان کو اشوک ڈِنڈا نے کیچ کروایا۔ انہوں نے نہ صرف نصف سنچری بنائی بلکہ ناصر جمشید کے ساتھ مل کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ ان دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لئے ایک سو بارہ رنز کی شراکت ہوئی۔ مصباح الحق آٹ ہونے والے چوتھے بلے باز تھے جنہیں ایشانت شرما نے بولڈ کیا۔ اس سے قبل پاکستان کی جانب سے پہلے کھیلنے کی دعوت ملنے کے بعد بھارت نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے تھے۔ بھارت کی پانچ کھلاڑی صرف 29 کے مجموعی سکور پر آٹ ہوگئے تھے لیکن کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 125 گیندوں میں 113 رنز بنائے اور آٹ نہیں ہوئے۔ ان کا ساتھ روی چندرن ایشون نے دیا جنہوں نے 39 گیندوں اکتیس رنز بنائے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 125 رنز بنائے۔ پاکستانی بولرز جنید خان اور محمد عرفان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ بھارتی بیٹسمین ان دونوں بولرز کو نہیں کھیل سکے اور پہلے چار کھلاڑی کلین بولڈ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے جنید نے چار اور محمد عرفان اور حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔