پاک امریکہ تعلقات،امریکی جنرل کے دورہ پاکستان کا امکان

james mattis

james mattis

امریکی فوج کی سینٹکام کے سربراہ جنرل جیمز میٹس رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان سے تعلقات معمول پر لانے کے لیے اوباماانتظامیہ سے سلالہ چیک پوسٹ حملے پر معافی مانگنے کی سفارش کردی۔ امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جیمز میٹس کا دورہ پاکستان اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ سلالہ چیک پوسٹ پر حملے اور چوبیس پاکستانی فوجیوں کی شہادت کے بعد یہ کسی بھی اعلی امریکی عہدیدار کا یہ پہلا دورہ ہوگا ۔ جس کے بعد امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان مارک گراسمین بھی دورہ کرسکتے ہیں۔ مارک گراس مین گذشتہ مہینے پاکستان آنا چاہتے تھے لیکن تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سے انکا دورہ پاکستان ممکن نہ ہوسکا۔
سینٹ کام کے سربراہ جنرل جیمز میٹس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کریں گے جس میں سلالہ چیک پوسٹ حملے کی تحقیقات اور سرحدی تعاون کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ جنرل میٹس تربیتی امور اوراسلحے کی فروخت پر بھی بات چیت کریں گے۔ ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے اوباما انتظامیہ سے سلالہ حملے پر معافی مانگنے کی سفارش کی ہے۔ جس کا مقصد تعلقات معمول پر لانا ہے۔